دہرادون، یکم جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) بھارتیہ کسان یونین کے قومی ترجمان راکیش ٹکیت نے ایک بار پھر بی جے پی پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے اتراکھنڈ میں ہونے والے اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں لوگوں سے بی جے پی کو ووٹ نہ دینے کے لیے کہا ہے۔ روڑکی کے منگلورو میں ایک کسان لیڈر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے پہنچےراکیش ٹکیت نے کہا کہ بی جے پی کسان مخالف پارٹی ہے، اس لیے کسان بھائی بی جے پی کو ووٹ ہرگز نہ دیں۔
رپورٹ کے مطابق بھارتیہ کسان یونین کے قومی ترجمان راکیش ٹکیت نے کہا ہے کہ منگلورو کے کسان آزاد ہیں، انہیں کسی بھی پارٹی کا لیڈر منتخب کرنے کے لیے اپنے ووٹ کا استعمال کرنے کا حق ہے لیکن انہیں یہ ذہن میں رکھنا ہوگا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں کسان مخالف ہیں۔ راکیش ٹکیت نے مزید کہا ہے کہ کسانوں کو سوچنا پڑے گا کہ کس حکومت کے تحت سینکڑوں کسانوں کو شہید کیا گیا ہے۔ کسانوں کو ایسی پارٹیوں سے دور رہنا چاہئے اور اپنے درمیان آنے والے امیدواروں سے یہ سوال ضرور پوچھنا چاہئے کہ کسان انہیں ووٹ کیوں دیں۔ بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کسانوں کی زمینوں پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔ کسانوں کو ایک بار پھر بڑی تحریک چلانے کی ضرورت ہوگی۔ یہ حکومت صرف کسان مخالف حکومت ہے۔
واضح رہے کہ اتراکھنڈ کی دو اسمبلی سیٹوں بدری ناتھ اور منگلور واسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس پارٹی اس الیکشن کو جیتنے کے لیے پوری قوت اور حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتری ہیں۔ بدری ناتھ اور منگلور اسمبلی سیٹوں کے لیے 10 جولائی کو ووٹنگ ہونی ہے۔ ووٹنگ سے قبل سیاسی پارٹیاں اپنی حمایت کا منظرنامہ تیار کرنے میں مصروف ہیں۔ اس ضمنی انتخابات میں بی جے پی کی ساکھ داؤ پر لگی ہوئی ہے۔